میں تیز دھوپ میں سایہ تلاش کرتا ہوں
(اسید الحق محمد عاصم قادری بدایونی)
میں تیز دھوپ میں سایہ تلاش کرتا ہوں
سیاہ شب میں اجالا تلاش کرتا ہوں
نشانِ پائے مسیحا تلاش کرتا ہوں
ہلالِ عیدِ تمنا تلاش کرتا ہوں
میں زندگی کا قرینہ تلاش کرتا ہوں
میں اپنی عظمتِ رفتہ تلاش کرتا ہوں
سخائے حضرتِ عثمان(۱) چاہیے مجھ کو
حضورِ غوث(۲) کا فیضان چاہیے مجھ کو
معینِ حق(۳) کا قلم دان چاہیے مجھ کو
جنابِ شیخ(۴) کا دامان چاہیے مجھ کو
نگاہِ مقتدر آقا(۵) تلاش کرتا ہوں
میں اپنی عظمتِ رفتہ تلاش کرتا ہوں
مجیدی(۶) مستیِ کردار کی ضرورت ہے
معینی(۷) لذتِ گفتار کی ضرورت ہے
فقیر غوث(۸) کے افکار کی ضرورت ہے
جبیں کو سجدۂ سرکار(۹) کی ضرورت ہے
میں علمِ قادری دولہا(۱۰) تلاش کرتا ہوں
میں اپنی عظمتِ رفتہ تلاش کرتا ہوں
شہیدِ راہِ وفا(۱۱) جیسی زندگانی ہو
زباں میں حضرت منظور(۱۲) سی روانی ہو
شعور وفکر میں حامد(۱۳) کی ترجمانی ہو
وظیفہ صبح ومسا میرا نعت خوانی ہو
میں سوزِ ہادیِ(۱۴) شیدا تلاش کرتا ہوں
میں اپنی عظمتِ رفتہ تلاش کرتا ہوں
پھر اپنے گم شدہ معیار کی طلب ہے مجھے
پھر اپنے گرمیِ بازار کی طلب ہے مجھے
ہے سست قافلہ رفتار کی طلب ہے مجھے
نظر کی، علم کی، کردار کی طلب ہے مجھے
میں افتخارِ گزشتہ تلاش کرتا ہوں
میں اپنی عظمتِ رفتہ تلاش کرتا ہوں
ہمارے بحر کے موجوں میں پھر تلاطم ہو
گلِ مراد کے ہونٹوں پہ پھر تبسم ہو
سکوتِ لالہ وگل محوِ صد تکلم ہو
چمن میں بلبلِ شیدا کا پھر ترنم ہو
بہارِ گلشنِ کہنہ تلاش کرتا ہوں
میں اپنی عظمتِ رفتہ تلاش کرتا ہوں
نشاط پھر سے دلِ بے قرار پر آئے
چمن یہ اپنی پرانی بہار پر آئے
یہاں کا ہر گل وٖغنچہ نکھار پر آئے
یہ شمس لوٹ کر نصف النہار پر آئے
افق پہ صبحِ تجلیٰ تلاش کرتا ہوں
میں اپنی عظمتِ رفتہ تلاش کرتا ہوں
مری زمین کا ہر ذرہ آفتاب بنے
شبِ فراق کا ہر داغ ماہتاب بنے
شراب خانۂ عینی میں پھر شراب بنے
اسیدؔ لشکرِ باطل پہ اک عذاب بنے
حضورِ مست(۱۵) کا نیزہ تلاش کرتا ہوں
میں اپنی عظمتِ رفتہ تلاش کرتا ہوں
---------------------------------------------------------------------
(۱) عثمان: حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ
(۲) حضور غوث: حضرت غوث اعظم
(۳) معین الحق: حضرت علامہ فضل رسول بدایونی
(۴) جنابِ شیخ: حضرت شیخ عبدالحمید سالم القادری
(۵) مقتدر آقا: حضرت شاہ عبدالمقتدر
(۶) مجیدی: حضرت شاہ عین الحق عبدالمجید
(۷) معینی: معین الحق علامہ فضل رسول بدایونی
(۸) فقیر غوث: حضرت تاج الفحول شاہ عبدالقادر
(۹) سجدۂ سرکار: عبدالمقتدرسرکارصاحب الاقتدارکاوصال سجدے میں ہوا
(۱۰) قادری دولہا: حضور عاشق الرسول مولانا عبدالقدیر قادری دولہا
(۱۱) شہیدِ راہِ وفا: حضرت مولانا عبدالقیوم عثمانی
(۱۲) حضرت منظور: حضرت مولانا عبدالماجد بدایونی
(۱۳) حامد: حضرت مولانا عبدالحامد بدایونی
(۱۴) عینی: حضور شاہ عین الحق عبدالمجید
(۱۵) مست: حضرت علامہ فضل رسول بدایونی
0 Comments