گو خستگیٔ عشق سے میں زیر فلک ہوں
(شیخ ابوسعید محمدی صفوی)
گو خستگیٔ عشق سے میں زیر فلک ہوں
یوں خاک نہ سمجھو مجھے مسجود ملک ہوں
خورشید حقیقت ہے وہ میں اس کی چمک ہوں
اس طرح سے روشن ز سما تا بہ سمک ہوں
باران کرم ہوں کبھی خود برق غضب ہوں
بادل کی گرج ہوں کبھی بجلی کی چمک ہوں
ہر طالب صادق کے لئے بے شک و شبہہ
تا جلوہ گہہ ناز میں اک سیدھی سڑک ہوں
بے چون وچرا عالم تشبیہ کے اندر
دیکھو سعیدؔ اللہ کا جلوہ بلاشک ہوں
*****
0 Comments